مقبوضہ بیت المقدس :غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فورسز کی فلسطینی مظاہرین پرفائرنگ سے 2 بچوں سمیت 6 فلسطینی شہید ہوگئے۔30 مارچ سے شروع ہونے والی تحریک حق واپسی کے تحت جمعہ کی نماز کے بعد سیکڑوں فلسطینی مظاہرین نے اسرائیلی سرحد کے قریب جمع ہوکر مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ کی واپسی کے لئے مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ٹائر اور اسرائیلی جھنڈے جلائے۔ ساتھ ہی سلگتی ہوئی پتنگیں اسرائیلی فضاؤں میں اڑائیں۔
اسرائیلی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے بلااشتعال فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔وزارت صحت کے مطابق فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 300 سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔ جمعہ تحریک کے آغاز سے اب تک 196 فلسطینی شہید ہوچکےہیں جن میں کم سن بچے،خواتین، بوڑھے، صحافی اور طبی کارکنان بھی شامل ہیں،جبکہ زخمیوں کی تعداد20 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔