اعلیٰ سطحی اجلاس میں شریک کویتی افسر کا دینار سے بھرا بیگ چوری

 

اسلام آباد: اقتصادی امور ڈویژن کے اجلاس میں شریک کویتی وفد میں سربراہ کا دینار سے بھرا بریف کیس غائب ہو گیا جس پر کھلبلی مچ گئی اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں 20  گریڈ کے افسر کی جانب سے بریف کیس اور پرس چوری کئے جانے کا انکشاف ہوا۔نجی ٹی وی کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن کے اجلاس میں شریک کویتی وفد میں شامل افسر کا دینار سے بھرا بیگ اجلاس کے دوران ہی غائب ہو گیا، جس پر حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔ کافی تلاش کے بعد بھی بیگ نہ ملا تو سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور کویتی وفد کے درمیان اجلاس شروع ہوا ،جس کے اختتام پر کویتی وفد کے سربراہ نے بتایا کہ میرا پرس اور بریف کیس غائب ہے، یہ سننے پر وزارت اقتصادی امور کے تمام افسران حیران پریشان رہ گئے اور ایک دوسرے کو دیکھنے لگے۔ جب سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئی تو 20 گریڈ کے افسر زرغام حیدر چوری میں ملوث پائے گئے۔ ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں گریڈ 20 کے افسر کی جانب سے بریف کیس اور پرس غائب کئے جانے پر بیگ وزارت اقتصادی امور نے اعلیٰ سطح پر کویتی وفد سے معذرت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کہ مذکورہ افسر کے خلاف مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کرایا جائے گا۔