بھارت نےنام نہاد سرجیل اسٹرائیک کی نئی ویڈیو جاری کر دی

 

نئی دہلی: بھارت نے 2016 میں پاکستان کے اندر نام نہاد سرجیکل اسٹرائیکس کرنے کے اپنے دعوی کے حوالے سے نئی ویڈیو جاری کردی۔ بھارت نے 29 ستمبر 2016 کو دعویٰ کیا تھا کہ ان کی فوج نے لائن آف کنٹرول پر آزاد کشمیر کی حدود میں کامیاب سرجیکل اسٹرائیکس کی ہیں۔ تاہم بھارت کا یہ دعوی جھوٹا اور بے بنیاد ثابت ہوا تھااورمتعدد فورمز پر پوچھے جانے کے باوجود بھارت اپنے دعوی کے حق میں کوئی ثبوت نہیں دے سکا تھا۔

حالیہ ویڈیو میں کئی مقامات پر مسلح افراد کی موجودگی اور ان کے مبینہ لانچنگ پیڈز کو دکھایا گیا ہے۔ خصوصی ایڈیٹنگ کے بعد پیش کی گئی ویڈیو میں مختلف مقامات کو بطور ہدف دکھایا گیا ہے۔ویڈیو کے مناظر میں دکھائے گئے اہداف کو مبینہ سرجیل اسٹرائکس سے پہلے اور بعد کے مراحل کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔ بھارت نے ویڈیو میں دعوی کیا ہے کہ بغیر پائلٹ طیارے سے اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔مختصر ویڈیو میں ان مقامات کو نشانہ بنانے کی بلیک اینڈ وائٹ اور مبہم مناظر پر مشتمل رنگین فوٹیج جاری کی گئی ہے۔