امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوارٹ نے پاکستان کی معاشی مشکلات کا سبب چین سے لیے گئے قرضوں کو قرار دیدیا۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوارٹ کا کہنا تھا کہ چینی قرضوں کے بوجھ کے سبب پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، پاکستان کی پوزیشن کو ہر زاویے سے دیکھا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے حکومتوں کا خیال ہو کہ بیل آؤٹ کے لیے یہ قرض اتنا بوجھل نہیں ہوگا، مگر اب سخت تر ہوتا جارہا ہے۔
ہیدر نوارٹ نے کہا کہ معاملے کا پاکستان کے موقف سمیت تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں، یہ بات واضح نہیں کہ اگر آئی ایف قرض دے گا تو کن شرائط پر دے گا اور آیا انہیں عوام کے سامنے لایا جائے گایا نہیں۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے موجودہ معاشی بحران سے نکلنے کے لیے آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور اقتصادی ٹیم کے دیگر ارکان نے آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ سے ملاقات بھی کی ہے۔