ترک صحافی کی گمشدگی پر ٹرمپ کی سعودی عرب کوناگزیر سزا کی دھمکی

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی میں سعودی عرب کا ہاتھ ہوا تو سزا ناگزیر ہوگی۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی چینل کو انٹرویو میں سعودی عرب کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، سعودی حکام نے گمشدگی میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے تاہم اگر سعودی عرب گمشدگی میں ملوث پایا گیا تو سزاؤں کے مختلف آپشنز موجود ہیں۔
دوسری جانب سعودی وزیر داخلہ شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی سے متعلق سعودی حکومت کے خلاف الزامات کی مذمت کی ہے۔
سعودی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ میڈیا کے مختلف ذرائع پر گمراہ کن مہم اور جھوٹی خبریں منظم پروپیگنڈے کا حصہ ہیں اور ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔
سعودی وزیرداخلہ شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ صحافی کی گمشدگی میں سعودی عرب کے ملوث ہونے کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتا آیا ہے اور ترک حکام کی جانب سے مشترکہ تفتیشی کمیٹی کے قیام کی منظوری کو سراہتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول کے سعودی قونصل خانے سے لاپتہ ہوگئے تھے جبکہ ترک پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ سعودی صحافی کو قتل کردیا گیا ہے تاہم سعودی قونصل خانے نے ترک پولیس کے الزام کو مسترد کیا ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی سعودی عرب سے مطالبہ کیا تھا کہ مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی کے قونصل خانہ چھوڑنے کے شواہد پیش کیے جائیں۔