ماضی کی حکومتوں نےہاتھ پائون باندھ کرہمیں آئی ایم ایف کےپاس پھینکا،شیخ رشید

سکھر: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ہاتھ پاؤں باندھ کر ہمیں آئی ایم ایف کے پاس پھینکا۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے ترقی کی بات کر رہے ہیں اور قومی خزانے کو لوٹنے والے اب دیوتا بنے ہوئے ہیں، 10 سالہ دور حکومت سے جو جہیز ملا اس سے بجلی مہنگی ہو گی۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس کوئی خوشی سے نہیں جاتا بلکہ نواز اور زرداری کی حکومت نے ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کر آئی ایم ایف کے پاس پھینکا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ سکھر کی حالت دیکھ کر دکھ ہوا اور میرا کلیجہ پھٹتا ہے کہ سکھر کی پٹڑی کی کسی کو فکر نہیں ہے۔
وزیر ریلوے نے مزید کہاکہ چین اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، چین کے ساتھ مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جب کہ کوشش ہے کہ ہر صوبے میں 4 انڈسٹریل زون بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کو لوگوں کے روزگار کا ذریعہ بنانا خواہش ہے اور پاکستان کی بہتری کے لیے فیصلے کریں گے۔