بھارت خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے میں رکاوٹ ہے،صدرعارف علوی

اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں اور دنیا میں جوہری عدم پھیلاؤ کا حامی ہےجبکہ پڑوسی ملک بھارت کے جوہری تجربات خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے میں رکاوٹ ہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام آئی اے ای اے کے قواعد و ضوابط کے مطابق اور جوہری ہتھیار ملکی دفاع کے لیے ہیں جب کہ پڑوسی ملک کے جوہری تجربات خطےکو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے میں رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام کا حامی ہے اور عالمی امن کو لاحق خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں تنازع کی بنیادی وجہ ہے لہذا اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر سمیت عالمی تنازعات کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے اور جوہری عدم پھیلاؤ کی کوششوں میں پاکستان متعلقہ اداروں سے تعاون کے لیے تیار ہے۔