محسن حسن خان پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین مقرر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ اوپنر محسن حسن خان کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق چار ارکان پر مشتمل کرکٹ کمیٹی میں سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق اور وویمنز ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز بھی شامل ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ مدثر نذر اس کمیٹی کی مشاورت کریں گے۔

کرکٹ کمیٹی ملک بھر میں کرکٹ اور کرکٹرز کے معاملات کی نگران ہوگی اور تمام پالیسی فیصلے کرنے سے قبل اس بارے میں سفارشات چیئرمین کو دے گی۔

کمیٹی کا مقصد ہر سطح پر کھیل کو فروغ دینا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں پلیئنگ کنڈیشن بھی یہی کمیٹی بنائے گی اور یہی کمیٹی سلیکشن کمیٹی کا بھی تقرر کرے گی۔

بعدازاں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ پریس بھی کی۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ کپتان کا تقرر جیسے ہوتا ہے ویسے ہی ہوگا لیکن اس میں کرکٹ کمیٹی کی رائے شامل ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کو صرف الاؤنس ملیں گے، تنخواہ نہیں ملے گی۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سبحان احمد نے بتایا کہ کرکٹ کیمٹی کا چیئرمین محسن خان کو مقرر کیا گیا ہے جب کہ زاکر خان کرکٹ کمیٹی کے سیکریٹری ہوں گے۔

سبحان احمد کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی 6 بنیادی ذمہ داریاں ہوں گی، کرکٹ کمیٹی میں تمام تجربہ کار افراد شامل ہیں اور کمیٹی مکمل بااختیار ہے جو سلیکشن کمیٹی کے امور کی نگرانی کرے گی۔

چیئرمین کرکٹ کمیٹی محسن خان نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کو ایک ایک بات سے باخبر رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے 4 سال کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام نہیں کیا لیکن کمیٹی مکمل میرٹ پر کام کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات ہے ایک بڑا کھلاڑی وزیر اعظم اور کرکٹ کی ذمہ داری احسان مانی کے پاس ہے۔