پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں 47 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔
سیریز میں وائٹ واش فتح کے ساتھ گرین شرٹس نے مسلسل 11 ویں سیریز اور لگاتار 9 ویں میچ میں کامیابی اپنے نام کرلی،گرین شرٹس نے کیویز کو میچ میں فتح کےلئے 167 رنز کا ہدف دیا تھا۔
مہمان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کے برق رفتار 60 رنز کے باوجود ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 119 رنز پر ڈھیر ہوگی۔
تیسرے ٹی 20 میں بابر اعظم مین آف دی میچ جبکہ محمد حفیظ مین آف دی سیریز قرار پائے۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس نے بابر اعظم کے 79 اور محمد حفیظ کے ناقابل 53 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ پر 166 رنز کا مجموعہ سجایا،جو سیریز کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے گلین فلپس اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا، گرین شرٹس کو پہلی وکٹ 4 رنزپر اس وقت ملی جب فہیم اشرف نے دوسرے اوور کی دوسری گیند پر کولن منرو کو بولڈ کیا، نیوزی لینڈ بیٹسمین 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کی ابتدائی 2 وکٹ جلدی گر جانے کے بعد کپتان کین ولیمسن نے اوپنر گلین فلپس کے ساتھ مل کر اسکور میں 83 رنز کا اضافہ کیا۔
کین ولیمسن نے اس دوران اپنی نصف سنچری بنائی، وہ 38 گیندوں پر 60 بناکر شاداب خان کی گیند پر بابر اعظم کو گیند تھما بیٹھے، انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 2 چھکے اور 8 چوکے بھی لگائے۔
نیوزی لینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اوپنر گلین فلپس تھے، انہیں 26 کے انفرادی اسکور پر شاداب خان نے بولڈ کیا۔
ایک ہی اوور میں دو وکٹ گر جانے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی تھی۔
کیویز کی پانچویں وکٹ 103 رنز پر گری، مارک چیپ مین 2 رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بننے،بیلک کیپ کی چھٹی وکٹ بھی اسی اسکور پر گری، ٹم سیفٹ کو بھی عماد وسیم نے بولڈ کیا۔
نیوزی لینڈ کے ساتویں آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ٹم ساؤتھی تھے، جو صفر کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے تھے، مہمان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 107 کے اسکور پر گری، روس ٹیلر نے 7 رنز بنا کر اپنی وکٹ شاداب خان کے سپرد کردی۔
گرین شرٹس کو 9 ویں کامیابی 113 رنز پر حاصل ہوئی، پہلا میچ کھیلنے والے وقاص مقصود نے سرفراز احمد کی مدد سے فرگوسن کو قابو کیا، جبکہ 10ویں وکٹ بھی وقاص مقصود کے حصے میں آئی، انہوں نے سیٹھ رانس کو ایک رنز پر بولڈ کیا، یوں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔