پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 209رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کےلئے 210 رنز کا ہدف دیا جو گرین شرٹس نے 4 وکٹ کے نقصان پر 57 گیندوں پہلے ہی حاصل کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے روس ٹیلر نے 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،دیگر نمایاں بیٹسمینوں میں نکولسن 33 اور جارج ورکر نے 28 رنز شامل تھے، پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی 4 اور حسن علی 2 وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز اوپن کی،دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز اپنایا،13 ویں اوور کی پہلی گیند پر امام الحق، فرگوسن کے خطرناک باؤنسر کو ہک کرنے کی کوشش میں زخمی ہوگئے،اس وقت ٹیم کا اسکور 54 رنز تھا۔
امام الحق کے ریٹائرہرٹ ہونے کے بعد بابر اعظم کھیلنے کے لئے آئے اور انہوں نے فخر زمان کے ساتھ مل کر 101 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران اوپنر فخرزمان نے نصف سنچری بھی مکمل کی۔
155 کے اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری، فخر زمان 88 رنز بناکر فرگوسن کا شکار بن گئے،انہوںنے 88 گیندوں کھیلی اور 11 چوکے لگائے۔
29 ویں اوور کی 5ویں گیند پر بابر اعظم بھی فرگوسن کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے،انہوں نے 50گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 177 کے اسکور پر گری،شعیب ملک 1 چوکے کی مدد سے 10 رنز بناسکے،انہیں فرگوسن نے اپنا تیسرا شکار بنایا۔
گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ 204 کے مجموعے پر گری،کپتان سرفراز احمد 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ ساوتھی کے حصے میں آئی۔
نیوزی لینڈ کے فرگوسن نے 3 جبکہ ساوتھی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔