یورپ اور امریکا کو آبادی کی کمی کا سامناہے،نئی تحقیق میں دعویٰ

کینبرا: حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یورپ اور امریکا کو آبادی کی کمی کا سامنا ہے‘جب کہ دنیا بھر میں امراض قلب موت کی واحد بڑی وجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق،واشنگٹن یونی ورسٹی کے انسٹیٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلیوایشن (آئی ایچ ایم ای)نے حالیہ تحقیق میں اس بات کا پتہ لگایا ہے کہ ترقی پذیر کچھ ممالک میں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جب کہ دوسری جانب کچھ ممالک میں بچوں کی پیدائش کی شرح بہت سست ہے۔
یہاں تک کے وہاں آبادی میں کمی کا سامنا ہے۔پیدائش ، اموات اور بیماری کی شرح کا عالمی جائزہ جو کہ گزشتہ روزشائع ہوا اس میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ امراض قلب دنیا بھر میں موت کی سب سے بڑی واحد وجہ ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یورپ، شمالی اور جنوبی امریکا میں بچوں کی پیدائش کی شرح انتہائی کم ہے یہاں تک کے وہاں موجودہ آبادی کی تعداد بھی برقرار رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
جبکہ دوسری جانب افریقا اور ایشیاء میں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، نائیجر میں اوسطاً ایک عورت کے ہاں 7بچے پیدا ہوتے ہیں۔