پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں جہاں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ ملازمین موجود ہیں، بورڈ نئی تقرریوں کیلئے پرکشش تنخواہیں ادا کرنے کی تیاریاں کررہا ہے۔
پی سی بی میں منیجنگ ڈائریکٹر کے نئے عہدے کیلئے بورڈ آف گورنرز سے جس پیکیج کی منظوری حاصل کرنے کیلئے رجوع کیا گیا ہے اگر اس کی رسمی منظوری مل جاتی ہے تو یہ پی سی بی کی تاریخ میں کسی بھی افسر کو ادا کی جانے والی ریکارڈ تنخواہ ہوگی۔
پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے ایم ڈی کیلئے تین ہفتے پہلے اخبار میں اشتہار دیا تھا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایم ڈی کو ماہانہ ریکارڈ 20 لاکھ روپے کی تنخواہ اور مراعات کا پیکج دیا جائے گا۔
اسی طرح پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا کی تنخواہ کے پیکیج کیلئے بھی بورڈ آف گورنرز سے منظوری کیلئے رجوع کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر میڈیا کی تنخواہ اور مراعات کا پیکیج 10 لاکھ روپے ہوگا۔
سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ منیجنگ ڈائریکڑ کے عہدے کیلئے اشتہار دینا ایک ڈرامہ ہے، اس عہدے پر چیئرمین اپنے قریبی دوست کو لا رہے ہیں جس کیلئے پہلے تو آئین میں ترمیم کرنا ہو گی، پھر ایسا ممکن ہوگا۔ مینجنگ ڈائریکڑ بھی پی سی بی کیلئے چیلنج ہوگا۔ جس شخص کو بطور ڈائریکڑ میڈیا پی سی بی میں لایا جا رہا ہے اس کی تنخواہ کیلئے انہیں نیا پے اسکیل بنانا پڑے گا کیوں کہ اس معاملے میں جو تنخواہ رکھی جارہی ہے شاید وہ پی سی بی ملازمین کے حوالے سے ایک بہت بڑی رقم ہو گی۔
دوسری جانب کراچی میں کے سی سی اے اسٹیڈیم کی حالت بہتر بنانے کیلئے ایک بار پھر کام شروع ہوگیا ہے۔ ندیم عمر کہہ چکے ہیں کہ وہ کے سی سی اے اسٹیڈیم کو مِنی لارڈز بنانا چاہتے ہیں۔ سی ای او کیلئے کرکٹ منیجمنٹ، کلب کرکٹ اور کرکٹ ایسوسی ایشن کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔