فیصل آباد: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ فیصل آباد سرکل نے آن لائن بینک فراڈ کرنے والے ملزم کو جھنگ سے گرفتار کرلیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر سائبر کرائم شعیب ہارون نے بتایا کہ آن لائن بینک فراڈ کے ذریعے ایبٹ آباد کے رہائشی محمد صدیق کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ 5 ہزار روپے منتقل کرنے کی شکایت پر تحقیقات کی گئیں۔
تحقیقات کے دوران بینک فراڈ میں ملوث ملزم آصف کی نشاندہی ہوئی جو بینک افسر بن کر فون پر صارفین کی معلومات حاصل کرتا تھا۔جس کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم آصف کو جھنگ سے گرفتار کرلیا۔
شعیب ہارون نے مزید بتایا کہ ملزم نے جعلی آئی ڈی اور یو اے این نمبر استعمال کرتے ہوئے بینک افسر بن کر فون پر متاثرہ شہری سے معلومات لیں اور دھوکہ دہی سے رقم اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرلی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر سائبر کرائم شعیب ہارون کے مطابق ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔