کراچی ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ

کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ پیش آیا جس کے بعد ہوائی اڈے پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جانچ کے دوران پی آئی اے کے طیارے کے انجن کو رن اپ دیا گیا، رن اپ کے دوران طیارہ تیزی سے آگے بڑھا اور دوسرے طیارے سے ٹکرا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ شاہین ایئر کے طیارے سے ٹکرایا۔ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ تصادم سے پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کے فیول ٹینک اور انجن کو شدید نقصان پہنچا۔
ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے بعد طیارے کے ٹینک سے ایندھن تیزی سے بہہ رہا ہے جس کے باعث ایئرپورٹ پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
ذرائع سول ایوی ایشن کے مطابق تصادم سےکسی طیارے میں آگ نہیں لگی تاہم پی آئی اے کے طیارے سے بہنے والے ایندھن کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم صورتحال قابو میں ہے۔