ایران کے صوبے کرمنشاہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں کئی مکانات و عمارتیں متاثر ہوگئیں اور سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
غیرملکی خبرایجنسیوں کے مطابق ایران کے مغربی صوبے کرمان شاہ میں اتواراورپیرکی درمیانی رات شدید نوعیت کا زلزلہ آیا۔ جس کی شدت ریکٹراسکیل پر 6.4ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکزکرمانشاہ کے ضلع ‘سرپل ذہاب’ میں 7 کلومیٹرزیرزمین تھا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے سرپل ذہاب زہب، قصر شیرین اورگیلان غرب کے اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جہاں 513 افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ صوبائی حکومت نے فوری طورپرمتاثرین کی امداد کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں، متاثرین کے لئے اشیا خورد و نوش اور دیگر ضروریات کی فراہم شامل ہیں. کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کرمانشاہ کے تمام علاقوں میں ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔