جنیوا : یورپی یونین نے افغانستان کی تعمیر نو میں معاونت کیلئے ساڑھے 53 کروڑ ڈالر امداد فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنیوا میں کانفرنس کے دوران افغانستان کی مالی امداد کے پیکج کے معاہدے پر یورپین کمشنر برائے بین الاقوامی تعاون و ترقی نیون ممیکا اور افغانستان کے وزیر خزانہ محمد ہمایوں قیومی نے دستخط کیے۔
یورپین کمشنرنیون ممیکا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین افغانستان کی تعمیر نو اور ملک کے مستحکم مستقبل کیلئے افغان حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ ہے۔
معاہدے کے تحت رقم کا بڑا حصہ (311 ملین یورو) ریاست کی تعمیر نو کی سرگرمیوں پر خرچ ہوگا، انصاف کے شعبے میں اصلاحات کیلئے 31 ملین یورو، صحت و نیوٹریشن کے شعبے کیلئے 80 ملین یورو، 2019ء میں ہونے والے صدارتی و صوبائی کونسلز کے انتخابات پر 15 ملین یورو اور شہریوں کی ہجرت اور ان کی جبری بے دخلی روکنے کیلئے 37 ملین یورو خرچ کیے جائیں گے۔
جنیوا میں اقوام متحدہ اور افغانستان کی میزبانی میں دو روزہ افغان کانفرنس میں امریکا، روس، جرمنی سمیت عالمی برادری نے افغانستان میں امن عمل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔افغان صدر اشرف غنی نے طالبان سے امن بات چیت کیلئے 12 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کیا ہے۔