ایپکس کمیٹی سے نکالنےکی سرکاری اطلاع نہیں دی گئی: گورنر سندھ

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایپکس کمیٹی سے نکالے جانے سے متعلق انہیں سرکاری طور پر اطلاع نہیں دی گئی، لیکن اگر ایسا ہوا ہے تو یہ اچھی بات نہیں ہے۔
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کے آخری روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر سندھ سے اس حوالے سے رائے طلب کی گئی کہ صوبائی اپیکس کمیٹی میں اس سے قبل گورنر سندھ شامل ہوتا تھا، لیکن اب رپورٹس ہیں کہ گورنر کو اعزازی رکن کی حیثیت دی جارہی ہے۔
جس پر عمران اسماعیل نے جواب دیا کہ ‘مجھے سرکاری طور پر اپیکس کمیٹی سے نکالے جانے کی اطلاع نہیں دی گئی۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے ایپکس کمیٹی سے نکالا گیا ہے تو یہ اچھی بات نہیں ہے۔
عمران اسماعیل نے کسی کا نام لیے بغیر سوال کیا کہ آپ کو گورنر ہاؤس یا گورنر سے کیا خطرات لاحق ہیں؟ ہم انہیں دور کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی چیزوں سے دوریاں بڑھیں گی اور اعتماد کی بحالی کے اقدمات متاثر ہوں گے۔اس سے قبل ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اگر سندھ حکومت اور وفاق منصوبوں میں ساتھ چلیں گے تو وہ جلد مکمل ہوں گے۔