امراللہ صالح(دائیں) افغان وزیر داخلہ اور اسد اللہ خالد وزیر دفاع مقرر کیے گئے ہیں
امراللہ صالح(دائیں) افغان وزیر داخلہ اور اسد اللہ خالد وزیر دفاع مقرر کیے گئے ہیں

پاکستان کے 2 کٹر مخالفین افغان وزیر داخلہ-وزیر دفاع مقرر

افغان صدر اشرف غنی نے امراللہ صالح کو افغانستان کا وزیر داخلہ اور اسد اللہ خالد کو وزیردفاع مقرر کر دیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے نے کہا ہے کہ افغان صدر نے پڑوسی ملک پاکستان کے کٹر مخالفین کو اعلیٰ ترین سیکورٹی عہدوں پر تعینات کیا ہے جس کے نتیجے میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے امریکی صدر ٹرمپ کی کوششیں مشکلات کا شکار ہوسکتی ہیں۔

امراللہ صالح اور اسد اللہ خالد ماضی میں باری باری افغانستان کے انٹیلی جنس سربراہ رہ چکے ہیں اور پاکستان پر الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

اشرف غنی نے ان کے تقرر کا اعلان اتوار کو کیا۔ تاہم ان تقرریوں کی افغان پارلیمنٹ سے منظوری باقی ہے۔

برطانوی اور امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے افغانستان سے آدھے فوجی نکالنے کے اعلان سے اشرف غنی کی حکومت خوش نہیں۔ ٹرمپ نے یہ اعلان گذشتہ ہفتے ابوظہبی میں ہونے والے تین روزہ مذاکرات کے بعد کیا۔ ان مذاکرات کے مطابق طالبان نے کابل حکومت کے وفد کے ساتھ ملاقات سے انکار کردیا تھا جس پر افغان حکومت نے شدید برہمی کااظہار کیا۔