نوڈیرو:پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شاید سلیکٹڈ وزیراعظم کو پتہ نہیں کہ وفاق کی بنیادیں کتنی کمزور ہوچکیں ہیں ،کیا وجہ ہے کہ سندھ کے مفادات اور اعتراضات ردی کی ٹوکری میں پھینکے جارہے ہیں۔
نوڈیر و میں بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام قوتوں کو پیغام دیناچاہتاہوں کہ تم سے اورتمہاری سازشوں سے، تمہارے جھوٹ سےلڑوں گا،تمہارے غرور کو تار تار کردوں گا ۔
انہوں نے کہا کہ جس طرف نظر دوڑائیں غم و غصے کی لہر موجود ہے مگر مجال ہے کہ اس ملک کے ٹھیکیداروں کو کچھ احساس ہو،میاں صاحب کو سزا دلوانے کےبعد جو نعرے پنجاب میں لگے اس کا کوئی تصور بھی کرسکتا تھا۔
بلاول زرداری نے کہا کہ آج ملک کی باگ ڈور ناتجربہ کار کے ہاتھ دے دی گئی ،اگر خان صاحب کو حکومت دینا ہی تھی تو تھوڑی تیاری ہی کرادیتے۔
چیر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ کیسا وزیراعظم ہے جسے اپنے وزیراعظم ہونے کا بیوی سے ، اور روپیہ گرنے کا ٹی وی سے پتہ چلتاہے ،مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان اٹھادیا گیا ہے،تجاوزات کے خاتمے کے نام پر لاکھوں غریبوں کو گھر کی چھت سے محروم کیا ۔
انہوں نے کہا کہ بے نامی اکاؤنٹس کی انویسٹی گیشن تو کی ، اگر ہمت ہے تو بے نامی وزیراعظم کی انویسٹی گیشن بھی کرو۔
پی پی چیر مین نے کہا کہ خان صاحب کہتےہيں کہ یوٹرن لینا عظیم لیڈر کی نشانی ہے ،عمران تو وہ کٹھ پتلی ہے جو اس ملک کو ون یونٹ بنانا اور ملک میں ون پارٹی رول بنانا چاہتا ہے، وہ صوبوں کو ملنے والے مالی اختیارات واپس لینا چاہتےہیں ،وہ چاہتے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم ختم کرنے میں ، میں ان کا ساتھ دے دوں ،میں یہ کبھی نہيں کرسکتا نہ ہی کروں گا ۔