اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے سابق صدر آصف زرداری کانام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا ہے کہ کابینہ کا فیصلہ ہے جے آئی ٹی کی رپورٹ میں شامل 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیںگے جن میں آصف زرداری ، ان کی بہن فریال تالپور اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کانام بھی شامل ہے ۔ امید ہے اب آصف زرداری اس جے آئی ٹی کو سنجیدگی سے لیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ پرانا پاکستان نہیں جہاں بڑے لوگ سودے بازی کر لیں،احتساب آزادانہ طور پر جاری رہے گا،،ایف آئی اے نے ہوشربا انکشافات کیے ہیں، حکومت کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا، انہوں نے ایک صوبہ یرغمال بنائے رکھا۔
ایک سوال کے جواب میں کہ کیا آصف زرداری اکتیس دسمبر کو گرفتار ہو رہے ہیں، فواد چوہدری نے کہا انشاء اللہ۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں بتایا گیا کہ منی لانڈرنگ کے لیے حکومت کا استعمال کیا گیا، جن لوگوں کو ابھی بھی سنجیدگی کا احساس نہیں ہورہا انہیں آنے والے دنوں میں ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے آج کراچی کی صورتحال پر بھی غور کیا ، واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ کراچی میں کچھ گینگ دوبارہ متحرک ہوئے ہیں ،کراچی کا امن پاکستان کی معیشت سے جڑا ہوا ہے، کا بینہ کوتشویش ہے کہ نفرت انگيز تقریر پر برطانوی حکومت نے اب تک کو ئی ایکشن نہیں لیا ،۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان معاملات کو برطانوی حکومت کے سامنے اٹھایاجائے گا ،ساؤتھ افریقن گینگ کراچی میں متحرک ہیں۔جہاں سے یہ بیٹھ کر کارروائیاں کررہے ہیں ، ان پر جنوبی افریقا کی حکومت کے سامنے بھی معاملہ اٹھایاجائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ميں لگائے گئے کیمروں کے نظام میں خامی ہے ، یا تو کیمرے کام نہيں کررہے یا شناخت نہیں کررہے ، کیمروں کی تنصیب پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے ، ان کی تحقیقات کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔