مہاجر قومی موومنٹ کےمقتول کارکن کی تدفین،آفاق احمد کی مذمت

کراچی:کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مہاجر قومی موومنٹ کا کارکن ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات گئے پیش آیا جہاں لائنز ایریا میں گھرکے باہر بیٹھے 30 سالہ حماد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔پولیس کے مطابق مقتول مہاجر قومی موومنٹ کا کارکن اور کے ڈی اے کا ملازم تھا۔جائے وقوع سے 9 ایم ایم کے 9 خول بھی برآمد ہوئے جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔بعد ازاں مقامی قبرستان میں حماد کی تدفین کردی گئی ۔

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمدنے حماد خان کی بہیمانہ ٹارگٹ کلنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ حمادکا قتل کراچی میں امن کے دعوے کرنے والی حکومت اور اداروں کی ناکامی ہے، میں طویل عرصہ سے یہ کہتا رہا ہوں کہ کراچی میں مصنوعی امن بحال کیا گیا اور دہشت گرد ناصرف موجود ہیں بلکہ اکثر و بیشتر اس قسم کی کاروائیوں کے ذریعے اپنی موجودگی ثابت کرتے رہتے ہیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ دس دن کے دوران پہلے ایک سیاسی جماعت کے کارکن اسکے بعد علی رضا عابدی اور اب حماد خان کا قتل ایک گہری سازش ہے جس کا پتا لگانے میں حکومت اور ادارے مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں، مہاجر قاتل مہاجر مقتول کہہ کر اس سازش پر مٹی نہیں ڈالی جاسکتی۔حکومت اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے بھی حماد خان کی بہیمانہ ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔