کے ایم سی ملازم کے قتل میں سالا ملوث نکلا، رینجرزنے گرفتار کرلیا

کراچی:رینجرز نے 2 روز قبل کے ایم سی کے ملازم کے قتل کا معمہ حل کرلیا، مقتول کے قتل میں اس کا سالا ملوث نکلاجسے گرفتار کرلیا گیاہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق 31 دسمبر کوکے ایم سی ملازم کو کریم آباد میں اوکھائی میمن مسجد کے قریب فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیاتھا، جس کامیڈیا رپورٹس کے مطابق نام شفیق احمد سامنے آیا تھا ،مقتول کی جامہ تلاشی کے دوران کے ایم سی کاسروس کارڈ ملا تھا جس سے مقتول کی شناخت شکیل احمد کے نام سے ہوئی تھی ،رینجرز کی تحقیقا ت کے دوران مقتول کا اصلی نام سید واجد علی سامنے آیا،واقعہ کے بعد رینجرز نے ٹیکنیکل بنیاد پر تفتیش کرتے ہوئے لیاقت آباد نمبر 3 سے ملزم عمران احمد کو گرفتار کیاجس نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ مقتول سید واجد علی اس کا بہنوئی تھا وہ اور اس کا مقتول بہنوئی مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں، 2015میں دونوں نے مشترکہ کارروبار شروع کیاجسے نقصان پر بندکردیاتھا،ملزم کے اعترافی بیان کے مطابق واجد علی اپنے سرمائے کی رقم کا اکثر تقاضا کر تا اور قتل کی دھمکیاں بھی دیتا تھاجس پر تنگ آکرملزم عمران احمدنے 31دسمبر 2018 کی صبح بہنوئی واجد علی کو فائرنگ کر کے قتل کیاتھا۔