کراچی:متحدہ مجلس عمل کے لیاری سے رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے لیاری کے نام پر اربوں روپے بٹورنے والوں کے خلاف احتساب کارروان نکالنے کا اعلان کردیا ۔
انہوں کہا کہ محرومیوں کے خلاف تحریک کا آغاز 18 سے 25 جنوری کے دوران لگنے والی عوامی کچہریوں سے ہوگا ،29 جنوری کو شاہراہ فیصل پر عوامی دھرنا دیا جائے گا ۔
لیاری میں کی گئی کرپشن اور خرچ شدہ رقوم کا حساب نہ ملا تو دھرنے واٹر بورڈ، بلدیاتی اداروں کے دفاتر اور وزیر اعلی کے باہر بھی دیئے جائیں گے – ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری میں سیوریج ،پانی اور گیس کے مسائل پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کی نا اہلی نے لیاری کو ندی نالے میں تبدیل کر دیا ہے، 350 سینیٹری ورکرز کی جگہ پی پی اور ایم کیو ایم کے کارکن بھرتی کیے گئے ہیں، واٹر بورڈسندھ کا سب سے کرپٹ ادارہ بن چکاہے۔
سید عبدالرشید کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ترقیاتی کام میں کرپشن کی وجہ سے لیار ی نالوں کا منظر پیس کر رہا ہے،گیس کی لائنوں میں گٹر کا پانی شامل ہوگیا ہے،یونین کمیٹیوں میں ترقیاتی کام کے علاوہ1 کروڑ 44 لاکھ روپے دئیے گئے ہیں ان کا حساب لیا جائے کہ اس رقم کو کہاں خرچ کیا گیا ہے۔
نیب اور احتساب بیورو یونین کمیٹیوں سے سالانہ بجٹ کی تفصیلات طلب کرے،انہوں نے کہا کہ یونین کمیٹیوں کا آڈٹ کیا جائے، چئیرمین اور وائس چئیرمین جو اپنے مشاعرہ سے زیادہ رقم وصول کر رہے ہیں وہ چور ہیں ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔
رکن اسمبلی سید عبدالرشید نے اعلان کیا کہ وہ 18 جنوری سے 25 جنوری تک لیاری بھر میں یونین کمیٹیوں کی سطح پر عوامی کچہریاں منعقد کریں گے،جس میں سب کو دعوت دی جائیگی کہ وہ آئیں اور عوامی مسائل سے آگاہ کریں تاکہ ان مسائل کا حل نکالا جاسکے۔