جیولری شاپ پر ہیرے کی انگوٹھی نگلنے والی خاتون پکڑی گئی
جیولری شاپ پر ہیرے کی انگوٹھی نگلنے والی خاتون پکڑی گئی

چوری ہو تو ایسی۔ترکی میں خاتون نے ہیرے کی انگوٹھی نگل لی

استنبول: ترکی میں خاتون نے جیولری شاپ پرہیرے کی انگوٹھی چوری کر کے نگل لی لیکن ملازم خاتون کوعقابی نظروں سے تاڑرہا تھا،چوری پکڑ لی۔

یوں تو دنیا بھر میں چوری ڈکیتی کے واقعات بے حد عام ہیں اور روز نت نئے طریقے منظر عام پرآتے رہتے ہیں تاہم ترکی میں چوری کے انوکھے واقعے نے دیکھنے والوں کو بھی حیران کردیا ہے۔

ترکی کے شہراستنبول کی ایک جیولری شاپ میں چوری کا حیران کن واقعہ پیش آیا جب ایک خاتون گاہک بن کر دکان میں داخل ہوئیں اور ہیرے کی انگوٹھی دیکھنے کے دوران اپنے پرس سے پانی کی بوتل نکالی اور ہاتھ میں پکڑی قیمتی ہیرے کے انگوٹھی نگل لی۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران دکان کے ملازم کی عقابی نظروں نے خاتون کو پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کیا جس کے بعد اسپتال میں خاتون کا ایکسرے کروایا گیا اور یوں خاتون کی چوری پکڑی گئی۔

پولیس نے خاتون پر چوری کا مقدمہ درج کرلیا جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا بھی کردیا گیا ہے لیکن چوری کی انگوٹھی اب بھی خاتون کے پیٹ میں موجود ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق خاتون کو انگوٹھی واپس کرنا ہوگی یا اس کی رقم دکان کے مالک کو دینا ہوگی۔