صادق آباد کے قریب 36 انچ گیس پائپ لائن پھٹ گی، دہشتگردی کا شبہ

بھونگ سے صادق آباد جانے والی سوئی گیس کی مین لائن پھٹ گئی اور آگ بھڑک اٹھی جس نے تیزی سے آس پاس کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور فصلوں کو نقصان پہنچا،سوئی ناردن کی ٹیموں نے بروقت پہنچ کر ہنگامی صورتحال پر قابو پایا، ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کےمطابق واقعہ بظاہر تخریبی کارروائی لگتا ہے۔
ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق صادق آباد کے قریب 36 انچ گیس پائپ لائن پھٹ گی،جس کے بعد سوئی ناردن کی ٹیمیں بروقت موقع پر پہنچیں اوراس ہنگامی صورتحال پر قابو پا یا۔
ترجمان نے بتایاکہ متاثرہ پائپ لائن کو3 بجکر5 منٹ پرمرمت کے لیے الگ کیا گیا، 4 بجکر 45 منٹ پر گیس بحال کی گئی۔پائپ لائن کی مرمت کا کام آج رات تک مکمل ہو جائے گا۔
ان کا کہناتھا کہ پائپ لائن پھٹنے سے کمپریسراسٹیشن ملتان، سوئی، بھونگ اوراُچ شریف بند ہوئے۔
ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کےمطابق واقعہ بظاہر تخریبی کارروائی لگتا ہے۔
اس سے قبل وزیر توانائی عمر ایوب نے اپنے بیان میں کہا کہ گیس سپلائی معطل ہونے سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوگئی اور صارفین کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا جس پر عوام سے معذرت خواہ ہیں، تاہم متبادل ذرائع سے بجلی کی کمی پوری کی جائے گی۔ آگ بجھنے کے بعد گیس پائپ لائن کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔