وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حالات کے مطابق فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع ضروری ہے، فوجی عدالتوں کے قیام کے بل پر بات چیت ہونا ضروری ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ حکومت اور اتحادیوں کی رائے ہے کہ اس معاملے پر بحث ہو اور پھر فیصلہ ہو، بل لانے سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے ہونا چاہیے۔
وزیر قانون نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کو فوجی عدالتوں سے متعلق آگاہی ہونی چاہئے، موجودہ حالات میں فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ ادوار میں عدالتوں کی صلاحیتوں کو بہتر نہیں بنایا گیا، عدالتوں میں جو بہتری ہونی چاہیے تھی اس کا الزام کسی کو دینا درست نہیں، ہماری کوشش ہے کہ سول عدالتوں کی استعداد کار بڑھائی جائے تاکہ فوجی عدالتوں کی ضرورت نا پڑے۔
فروغ نسیم کا مزید کہنا تھا کہ اگر حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت بھی ہوتی تو بھی اس معاملے پر اتفاق رائے ہونا چاہیے تھا۔