امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور دنیا کے دیگر ممالک شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں وہیں آسٹریلیا میں گرمی کا تقریباً 80 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
1939 کے بعد سڈنی میں ریکارڈ کی جانے والی یہ سب سے زیادہ گرمی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے کئی علاقوں میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا،گرمی کی شدت سے سڑکیں پگھلنے لگیں جبکہ کھیلوں کے میدانوں میں بچوں کے لئے تپش سے جھلسنے کا خطرہ ہے۔
سڈنی کے مغربی علاقے پینرتھ میں سورج کی تپش سب سے زیادہ رہی جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی۔
اس کے علاوہ شدید گرمی کی وجہ سے آگ کی متعدد وارننگز جاری کی گئیں جبکہ پورے شہر میں کہیں بھی آگ جلانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز میں اوسط درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات نے گرمی کی ایک اور لہر کے بارے میں خبردار کردیا۔
حکومت کی جانب سے بے گھر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے اسپتالوں میں خصوصی ڈیسک بھی قائم کردیے گئے ہیں۔