امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان سے ملیں گے۔
وائٹ ہائوس کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ یہ ملاقات فروری میں ہوگی تاہم اس کے لیے جگہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ مذاکرات ویت نام میں ہوں گے۔
شمالی کوریا اور امریکہ کے صدور کے درمیان گذشتہ برس سنگاپور میں تاریخی مذاکرات ہوئے تھے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان نصف صدی سے جاری کشیدگی میں کمی ہوئی تھی۔ دونوں ملکوں کے درمیان شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیاورں میں کمی پر بات چیت شروع ہونی تھی لیکن اس کے بعد کوئی اہم پیشرفت نہیں ہوئی۔
شمالی کوریا کے صدر نے اپنے نمائندے کم یونگ کول کو واشنگٹن بھیجا تھا جنہوں نے صدر ٹرمپ سے ملاقات کی اور انہیں صدر کم جونگ ان کا خط پہنچایا۔
اس خط کے مندرجات تاحال سامنے نہیں آئے۔
گذشتہ برس کم جونگ ان سے ملاقات کے باوجود امریکی صدر نے شمالی کوریا پر پابندیاں ہٹائی نہیں۔ وائٹ ہائوس کی پریس سیکریٹری سارا سینڈر نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ پابندیاں اور دبائو برقرار رکھے گا۔