ویسٹ انڈیز کے کرکٹ حکام نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی خواتین کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیج رہے ہیں۔
تاہم اہم کھلاڑی اسٹیفنی ٹیلر پاکستان کے دورے پر نہیں آرہیں۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا دورہ پاکستان پہلے ہی طے ہوچکا تھا۔ دسمبر میں ٹیم بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی گئی تھی تاہم گذشتہ دنوں اس دورے پر بے یقینی کے بادل منڈلانے لگے تھے۔
جمعرات کو کرکٹ ویسٹ انڈیز نے دورے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
ویسٹ انڈیز کی وومن ٹیم 31 جنوری سے کراچی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔کھلاڑی پہلے 26 جنوری کو دبئی پہنچیں گی جہاں سے وہ چار دن بعد کراچی روانہ ہوں گی۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو جانی گریو نے کہاکہ پاکستانی دونوں کی جانب سے کرکٹ اپنے ملک واپس لینے کی کوششوں میں ہماری طرف سے یہ ایک اور بڑا قدم ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سبحان احمد نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔