مشرقی اوٹاوا میں طوفانی اورشدید برف باری کا الرٹ جاری

مشرقی اوٹاوا میں شدید برف باری کاسلسلہ جاری ہے، شدید برف باری کے باعث محکمہ ماحولیات کینیڈانے موسمیاتی الرٹ جاری کردیا ہے جس میں عوام سے کہا گیا ہے کہ مشرقی علاقوں میں شدید برف باری کے ساتھ طوفانی برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے ،اس برف باری اور طوفان کے باعث سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اوٹاوا کے درجہ حرارت میں گذشتہ چند دنوں میں صرف معمولی تبدیلی آئی ہے جس کے بعد درجہ حرارت منفی سولا درجہ سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جو مسلسل طوفانی اور شدید برف باری کے باعث کچھ دنوں میں منفی پچیس ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گاجبکہ سرد ہوائوں کی رفتار بھی چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائیں گی۔

محکمہ موسمیات نے عوام کیلئے جاری موسمیاتی الرٹ میں کہا ہے کہ صبح کے وقت برف باری کی رفتارتیز رہے گی اور صبح سات سے بارہ بجے تک کئی سینٹی میٹر برف گرسکتی ہے۔

شدید برف باری کے باعث مواصلاتی اور روڈسسٹم مکمل طورپر غیرفعال ہوگیا ہے، اونٹاریو کے صوبائی پولیس چیف سارجنٹ سانتھیا سیورڈ نے بتایا کہ سپرہائی وے نمبر چارسو سترہ، سپرہائی وے نمبر چارسوسولاپر رات کے اوقات میں گیارہ خطرناک حادثات ہوچکے ہیں جن کی روک تھام اورتدارک کیلئے کام شروع کردیا گیاہے

انہوں نے عوام سے اس موسم میں سپرہائی وے سے دور رہنے اور سفرنہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
انتہائی خراب موسم شدید اور طوفانی برف باری کے باعث درجنوں مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کومنسوخ کردیا گیا ہے جبکہ سڑکوں اور گلیوں سے برف کی صفائی کیلئے وہاں پر پارکنگ ممنوع قرار دیدی گئی ہے۔