پی ایس94کورنگی کے ضمنی انتخاب میںایم کیو ایم کے ہاشم رضا نے میدان مار لیا۔
تمام 149پولنگ اسٹیشنزکےغیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار ہاشم رضا نے21ہزار537 ووٹ لیکرمیدان مار لیا،پی ٹی آئی کے اشرف جبارقریشی8 ہزار972ووٹ لے کر دوسرےنمبرپررہے۔
دیگر امیدواروں میں ایم کیو ایم حقیقی کے عامراختر نے 5806 ووٹ لیے جبکہ پی ایس پی کے عرفان وحید 1416 ووٹ ہی لے سکے۔ ووٹنگ کا تناسب18 فیصد سے زائد رہا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا لانڈھی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ہے کراچی کا فیصلہ جو 2018 کے انتخاب میں رک گیا تھا لیکن آج آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کو تسلیم کرنا چاہیے کہ سندھ کے شہری علاقوں کا یہ ہی فیصلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کون جیتا اور کون ہارا یہ اہم نہیں بلکہ اہم یہ ہے کہ جمہوریت کو اعتماد ملا ہے اور کراچی کا اعتماد بڑھنے سے ملک کا اعتماد بڑھے گا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جس کو جتنے ووٹ ملے ہم اسے مبارکباد دیتے ہیں، 3 پولنگ اسٹیشن پر نتیجہ رکا ہوا ہے لیکن اس سے ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہو سکتا۔
خیال رہے کہ پی ایس 94 لانڈھی کی نشست ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی محمد وجاہت کے انتقال کے سبب خالی ہوئی تھی
سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 94 کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔
حلقے میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 449 ہے جن میں 1 لاکھ 36 ہزار 808 ووٹرز مرد اور 1 لاکھ 9 ہزار 641 خواتین ووٹرز ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کے لیے 149 پولنگ اسٹیشنزاور596 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے۔