اسٹین روبوٹ (فوٹو فائل)

برطانیہ کے ایئر پورٹ پراب روبوٹ گاڑی پارک کریں گے

برطانیہ کے ایئرپورٹ پر اب ویلے کے بجائے روبوٹ گاڑی پارک کرتے دکھائی دیں گے، اب آپ گاڑی جتنی بھی اچھی پارک کیوں نہ کر لیتے ہوں، اسٹین نامی روبوٹ آپ سے بھی اچھی پارک کرسکتے ہیں، اور آپ کو اپنی گاڑی کے لئے فکرمند ہونے کی بھی ضرورت نہیں، روبو ٹ آپ کی گاڑی کا دروازہ تک نہیں کھولیں گے، اور گاڑی کو ایک دوسرے کے جتنا قریب ہو سکے گا پارک کریں گے۔

اسٹین ایک چھوٹی مشین جیسا روبوٹ ہوگا جو بھاری گاڑیاں اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہوگا، اسٹین آپ کی گاڑی کی چابی کے بغیر ہی گاڑی کو آرام دہ طریقے سے اوپر اٹھا کر اسے گاڑی کی اسپیس کے مطابق پارکنگ پر رکھ دے گا۔

یہ روبوٹ ایک فرانسیسی کمپنی اسٹینلی روبوٹکس کی جانب سے تیار کئے گئے ہیں اور اس سال اگست میں برطانیہ کے گیٹ وک ایئر پورٹ پر ان روبوٹس کا تجربہ کیا جائے گا۔

تمام ڈرائیورز اپنی گاڑیاں ایک مخصوص کی ہوئی جگہ پر کھڑی کردیں گے اور ایک ٹچ اسکرین کے ذریعے چیک ان کر کے اسٹین کو اطلاع دیں گے، اس کے ذریعے آپ کی فلائٹ انفارمیشن بھی اسٹین کے پاس آجائے گی اور اس کے بعد آپ فلائٹ لے کر اپنی چھٹیاں گزارنے جا سکتے ہیں، اس کے بعد سب سے پہلے گاڑی کا سائز اسکین کیا جائے گا اور پھر روبوٹ گاڑی کو اٹھا کر پارک کرنے کے لئے لے جائے گا۔ جب آپ اپنی چھٹیا ں گزار کر واپس آئیں گے تو اسٹین کے پاس موجود آپ کے فلائٹ نمبر کے ذریعے اسٹین آپ کے آنے سے پہلےہی آپ کی گاڑی کو تیارکردے گا۔ تمام روبوٹ بجلی کے ذریعے کام کریں گے اور لوکیشن کے لئے جی پی ایس کا استعمال کریں گے۔

اسٹین روبوٹ کا اصل مقصد کم جگہ پر زیادہ گاڑیاں پارک کرنا ہے، اور گیٹ وک ایئرپورٹ پر جہاں انسان 170 گاڑیاں پارک کرتے ہیں وہیں یہ روبوٹ 270 گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔

ان روبوٹس کا پہلے ہی پیرس، لیون اورڈیزلڈارف کے ائیرپورٹ پر کامیاب تجربہ کیا جا چکا ہے، اور اب ان روبوٹ کا تجربہ برطانیہ کے ایئرپورٹ پر بھی کیا جائے گا۔