پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے دعویٰ کیا ہے کہ 2020 میں عمران خان وزیراعظم نہیں رہیں گے اور اگلا سال ان کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
سابق صوبائی وزیر نے یہ دعویٰ نیا خواب دیکھ کرکیا ہے۔ انہوں نے اپنے خواب کا ذکر وسان ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ 2020 میں عمران خان کے اتحادی ساتھ چھوڑجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اتحاد ٹوٹنے کے بعد نیا وزیراعظم آئے گا۔
پی پی پی سے تعلق رکھنے والے منظور وسان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہوسکتا ہے کہ آنے والا وزیر اعظم پی ٹی آئی سے ہو اور یا یہ بھی ممکن ہے کہ کسی اور پارٹی سے ہو۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کی ملاقات ہوگی، اب یہ جیل میں ہو اور یا جیل سے باہر ہو مگر ملاقات ضرور ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ احتساب ہو تو سب کا ہو مگرایسا نہ ہو کہ کسی کو انکوائری کے درمیان ہی گرفتار کرلیا جائے اور کسی کا ریفرنس داخل ہو تو بھی گرفتاری نہ ہو۔ انہوں نے مساویانہ سلوک پر زور دیا۔