سابق وزیر اعظم اور لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کیا، ا ن سے کوئی خیر کی توقع نہیں ہے، نوازشریف نے کبھی این آراو مانگا نہ کبھی مانگیں گے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کے اندر ترقی کی رفتار رک گئی ہے، موجودہ حکومت کو چاہیے کہ ترقی کے کاموں کو آگے لے کر چلے، فخر ہے جو کام جنوبی پنجاب میں ن لیگ نے کئے وہ کسی نے نہیں کیے، ہم نے صوبہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے لیے اسمبلی میں قراردادیں پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کیا ہے اس لیے ان سے کوئی خیر کی توقع نہیں ہے، اس سال جو حاجی جائے گے وہ 63 فیصد زیادہ پیسے دیں گے، حکومت کو حج پر سبسڈی دینی چاہیے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف نے کبھی این آراو مانگا نہ کبھی مانگیں گے اور نوازشریف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، نواز شریف پر کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہو سکا جب کہ 3 میڈیکل بورڈز کی رپورٹ پرنوازشریف کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
ان کامزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ تمام جماعتوں کے منشور میں ہے، شیخ رشید کے بیانات کو اہمیت نہیں دیتا۔