نیب کا کہنا ہے کہ میڈیا میں دیا گیا یہ تاثر درست نہیں کہ چیئرمین نیب نے کسی ناراضی پر علیم خان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں دیا گیا یہ تاثر درست نہیں کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی کسی ناراضی پر علیم خان کو گرفتار کیا گیا۔
علیم خان کی گرفتاری قانون کے مطابق میرٹ، شواہد اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہوئی، امید ہے سینئر وزیر پنجاب خود پر لگے الزامات کے جوابات دینے پر اپنی توانائیاں خرچ کریں گے۔
نیب کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے اپنی ساری زندگی قانون کے مطابق گزاری ہے، اور وہ نہ تو کسی تحقیقات پر اثر انداز ہوتے ہیں نہ کسی کو اثر انداز ہونے کی اجازت دیتے ہیں۔
نیب ملک بھر سے بد عنوانی کے خاتمے اور شفافیت سے بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کوشاں ہے۔