ارشاد رانجھانی قتل کیس میں یوسی چیئرمین گرفتار

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے ارشاد احمد رانجھانی کی ہلاکت کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کی سفارش پر پولیس نے یوسی چیئرمین رحیم شاہ کو گرفتار کر لیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ یوسی چیئرمین رحیم شاہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، واقعہ اسنیچنگ کا ہے، تحقیقاتی کمیٹی نے تمام شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا، رحیم شاہ نے ارشاد رانجھانی کو اسپتال منتقل کرنے سے روکا جس پر اسے گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ رحیم شاہ کو پہلے سے درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے، اگر فیملی نے دوسری آیف آئی آر مانگی تو دوسری آیف آئی آر دے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ ایک واقعے کا ایک ہی مقدمہ ہو، اہل خانہ کے کہنے پر دوسرا مقدمہ کر دیں تاہم فیصلہ عدالت کرے گی۔

ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ رحیم شاہ پر الزام ہے کہ اس نے زخمی ارشاد کو اسپتال منتقل نہیں ہونا دیا، مختلف عینی شاہدین کے بیانات لیے گئے ہیں، ایمبولینس ڈرائیور کا بھی بیان لیا گیا ہے جب کہ موقع پر پہنچنے والے ڈیوٹی آفسر نے بھی کچھ تاخیر کی، تمام شاہدین کے بیانات عدالت میں پیش کردیں گے۔