لندن پولیس کےتعاقب نے بیگناہ نوجوان جوڑے کی جان لے لی

لندن میں برطانوی پولیس کے غلط شک کے باعث مین روڈ پر غلط سمت میں جانے والی گاڑی کے تعاقب نے نوجوان میاں بیوی کی جان لے لی۔
نجی ٹی وی نے لندن کے مقامی میڈیا کےحوالے سے بتایا ہے کہ لندن پولیس نے مین روڈ پر غلط سمت میں سفر کرنے والی ایک کار کا شک کی بنیاد پر  پیچھا کیا۔

پیچھا کرنےوالے پولیس اسکواڈ میں پولیس کی 9 گاڑیاں اور ہیلی کاپٹر شامل تھےجن سے گھبراکر کارڈرائیور نے کار بھگائی اور کوچ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں کار سوار دونوں میاں بیوی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

غلط سمت سے جانے کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کو شک ہوا تھا کہ یہ وہی مبینہ ڈاکو ہیں جن کو وہ کچھ عرصے سے تلاش کررہے ہیں۔

برطانوی میڈیاکےمطابق حادثے میں ہلاک کئے گئے جوڑے کی ایک سال پہلے شادی ہوئی تھی اوران کاکوئی مجرمانہ ریکارڈ بھی نہیں تھا۔

حادثے کے بعد تفتیش کے دوران لندن پولیس نے اپنی غلطی کی تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والے میاں بیوی ڈکیتی یا کسی بھی قسم کے جرائم میں ملوث نہیں تھے اورانہوں نے ڈاکو ہونے کے شک کی بنیاد پر گاڑی کے تعاقب کا فیصلہ کیا تھاجوغلط تھا۔

حادثے کے بعد لندن پولیس نے مبینہ ڈاکے میں ملوث ہونے کے شک میں ایک اورشخص کو بھی حراست میں لیا جس کو بعد میں رہا کردیا گیا۔