مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے آپریشن کے نام پر مزید 3کشمیریوں کو شہید کردیا جب کہ ضلع پلوامہ میں قابض فوج کے میجر سمیت 4 اہلکار مارے گئے۔
قابض بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن کے نام پر درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا جب کہ تازہ کارروائی میں فائرنگ کر کے 3نوجوانوں کو شہید کردیا۔
دوسری جانب نامعلوم افراد نے بھارتی فوج پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں میجر ڈی ایس ڈونڈیال سمیت 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
مارے جانے والے دیگر اہلکاروں میں کانسٹیبل سیو رام، سپاہی اجے کمار اور ہری سنگھ شامل ہیں۔
ادھر بھارتی میڈیا کی جانب سے پلوامہ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو بھی ہلاک کیے جانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع پلوامہ میں آپریشن کے دوران عبدالرشید غازی کو ہلاک کردیا جو پلوامہ حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا جب کہ آپریشن کے دوران اس کا ساتھی کامران بھی مارا گیا۔
واضح رہے کہ 14 فروری کو پلوامہ میں سیکیورٹی فورسز پر خود کش حملے میں 44 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے، بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھماکے کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالتے ہوئے حملے کے ماسٹر مائنڈ کے طور پر عبدالرشید غازی نامی شخص کا خاکہ بھی جاری کیا تھا۔