جیمز ونس کی جارحانہ بیٹنگ گراؤنڈ کے چاروں اطراف چھکے چوکوں کی برسات کر دی 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے
جیمز ونس کی جارحانہ بیٹنگ گراؤنڈ کے چاروں اطراف چھکے چوکوں کی برسات کر دی 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

لاہور قلندرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ہرادیا

پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں لاہور قلندرز نے ڈیولیئرز اور ویس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا جو  قلندرز نے ڈیولیئر اور ویس کے درمیان 98 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ڈیولیئرز نے 29 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 52 رنز بنائے جبکہ ویس 5 چھکوں کے ساتھ 20 گیندوں پر 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

200 رنز کے جواب میں لاہور قلندرز کے اوپنرز فخرزمان اور سہیل اختر نے 35رنز کا آغاز دیا، سہیل اختر دس رنز بناکر فخرزمان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

فخرزمان اور سلمان بٹ نے اننگز آگے بڑھائی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 66 رنز بناکر اسکور 101 تک پہنچادیا۔

فخرزمان 35 گیندوں پر 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل جنید خان کا شکار بن  گئے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

اسی اوور میں جنید خان نے سلمان بٹ کو بھی پویلین کی راہ دکھادی، وہ 17 رنز ہی بناسکے۔

نئے بیٹسمین آغاز سلمان زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 2 رنز بناکر جنید خان کی گیند پر وکٹ کیپر عمر صدیق کو کیچ دے دیا۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز کی جانب سے عمرصدیق اور جیمزونس نے ناقابل یقین 135 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، اس دوران ونس نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

جیمز ونس نے 41 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان شعیب ملک 10 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

عمر صدیق بھی 37 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

آندرے رسل بھی 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ ڈینیل کرسچن نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے سندیپ  لیمی چین نے 3 جب کہ حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے  ایک ایک وکٹ حاصل کی۔