مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نےحریت رہنما یاسین ملک اور امیر جماعت اسلامی عبدالحامد فیاض سمیت جماعت کے 2 درجن سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا جبکہ بھارتی فورسز کی مزید 100 اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کی منظوری بھی دے دی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے حریت رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے اور اس دوران حریت رہنما یاسین ملک کو سری نگر میں ان کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کےمطابق بھارتی فوج نے امیر جماعت اسلامی عبدالحامد فیاض سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان کو بھی گرفتار کیا ہے۔
حریت رہنماؤں کی گرفتاری پر رد عمل میں میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہےکہ مقبوضہ وادی کے عوام آرٹیکل 35 اے میں ردو بدل تسلیم نہیں کریں گے، کشمیریوں کے خلاف بھارتی غیرآئینی،پرُتشدد اقدامات سے زمینی حقائق نہیں بدلیں گے، طاقت اور دھمکیوں سے صورتحال صرف بگڑے گی۔
دوسری جانب پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے وادی میں ہنگامی بنیادوں پر مزید فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مزید 100 اضافی کمپنیوں کو فضائی راستے سے سری نگر بھیجا جارہا ہے۔