پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث معطل ہونے والا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منیجر کے مطابق چین کے گوانگزو ایئرپورٹ سے آنے والی پرواز کو واپس بھجوادیا گیا جب کہ اندرون و بیرون ممالک جانے اور آنے والی پروازیں بھی روک دی گئی ہیں۔
ایل او سی پر کشیدگی کے بعد نیو اسلام آباد ایئرپورٹ، پشاور، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔
سی اے اے کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے جب کہ ملک کے دیگر ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمدورفت تاحکم ثانی معطل رہے گی۔
اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کے تمام ائیرپورٹس پر پروازوں کی آمد و رفت کل رات 12 بجے تک بند رہے گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال کے باعث سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ایئر لائن نے پاکستان کیلیے تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔
یواے ای سول ایوی ایشن کے اعلامیے کے مطابق فضائی حدود اور ہوائی اڈے بند ہونے کے باعث پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔