راہول گاندھی نے نریندر مودی کو چور چوکیدار قرار دیدیا

بھارتی کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک چوکیدار نے تمام چوکیداروں کو بدنام کردیا  جبکہ مودی نے عوام کو بھی گمراہ کیا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق جھاڑکھنڈ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرپشن سے پاک حکومت، ملازمتوں کی فراہمی اور مشکلات کے خاتمہ کے کسی وعدے کو پورا نہیں کیا بلکہ مسلسل عوام کو بیوقوف بناکر گمراہ کرتے رہے ہیں۔

راہول گاندھی نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے اچھے دنوں کا تاثر تبدیل ہوکر چوکیدار چور ہے کا تاثر دے رہا  ہے، ایک چوکیدار نے ہندوستان کے تمام چوکیداروں کو بدنام کردیا ہے جبکہ دیگر تمام چوکیدار ایماندار ہیں، سب جانتے ہیں کہ اگر کسی چور چوکیدار کی بات ہوگی تو وہ نریندر مودی ہی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے بھاری ایئر فورس کے معاہدے میں گڑبڑ کرکے 30 ہزار کروڑ روپے چھین کر بھارتی تاجر اور سرمایہ کار امبانی کو دے دیئے جس نے ہندوستان ایروناٹکس انڈسٹری سے معاہدہ کیا ہے۔

راہول گاندھی نے فرانس سے رافیل طیاروں کی خریداری کے معاہدے کو بھی تنقید کانشانہ بناکرکرپشن کا الزام لگایا اور مطالبہ کیا کہ اس معاہدے کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج ملک کی حفاظت کرتی ہے اور اس کے جوان اور پائلٹ اپنی جانیں دیکر ملک کی سلامتی کو مستحکم بناتے ہیں جس کے لئے کئے جانے والے معاہدوں میں کرپشن کرکے زاتی فائدے حاصل کئے جاتے اور کرپشن کی جاتی ہے جس کا فائدہ امبانی جیسے تاجر اور ہمارے چور حکمران اٹھاتے ہیں۔