راہول گاندھی کا رافیل طیاروں کی ڈیل کی تحقیقات مودی سے کرنے کا مطالبہ

بھارتی کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے رافیل طیاروں کے متنازع معاہدے اور  دستاویزات کی چوری کی تحقیقات وزیراعظم نریندر مودی سے کرنے کا مطالبہ کردیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق راہول گاندھی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نریندر مودی اور ان کی حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ رافیل طیاروں سے متعلق دستاویزات چوری ہوگئیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دستاویزات میں جو لکھا تھا وہ درست ہے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ دستاویزات میں صاف لکھا ہے کہ رافیل طیاروں کی ڈیل کے لیے نریندر مودی اور وزیراعظم آفس براہ راست بات چیت کر رہے تھے۔

نریندری مودی نے اپنے دوست انیل امبانی کو فائدہ پہنچانے کے لیے رافیل ڈیل کا بجٹ بڑھایا جبکہ رپورٹ کے مطابق مودی نے صاف کہا کہ کنٹریکٹ انیل امبانی کو دیا جائے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا براہ راست نام سامنے آرہا ہے اس کے بارے میں بھی انکوائری کی جائے کہ پیسہ کہاں گیا، سب سچائی سامنے آ جائے گی۔ معاملے کی تحقیقات کیوں نہیں کروائی جارہیں؟

کانگریس کے صدر نے کہا کہ یہ کرپشن کا کیس ہے جس کی کرمنل انویسٹی گیشن ہونی چاہیے، تحقیقات سب کے خلاف ہوسکتی ہے تو مودی کے خلاف کیوں نہیں ہوسکتی۔