بھارتی ٹی سیریز کو سبق سکھانے کیلئے پاکستانیوں نے کس سے اتحاد کیا؟

بھارت کی میوزک کمپنی ٹی سیریز اپنے روایتی کاروبار کے ساتھ ساتھ برسوں سے یوٹیوب پر گانوں کی ویڈیو شائع کرکے اربوں روپے کما رہی ہے تاہم پلوامہ حملے کے بعد ٹی سیریز نے اپنے یو ٹیوب چینل سے پاکستانی گلوکاروں کی ویڈیوز ہٹانے کا اعلان کیا۔

پاکستانیوں نے اس حرکت پر ہفتہ کے روز ٹی سیریز سے انتقام لے لیا تاہم اس کے لیے انہیں ایک غیرملکی سے اتحاد کرنا پڑا۔

2003 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ بھارت کے مقابلے میں آبادی اور رقبے کے لحاظ سے چھوٹا ملک ہونے کے باوجود پاکستان نے موسیقی کے عالمی میدان میں بھارت کو مشکل سے دوچار کیا ہے۔

عام طور پر فن اور فنکاروں کو جنگ اور سیاست سے غرض نہیں ہوتی اور وہ امن کی راہ پر چلتے ہیں تاہم پلوامہ حملے کے بعد ٹی سیریز نے محض اپنی حب الوطنی کا نام نہاد جھنڈا گاڑنے کے لیے پاکستانی گلوکاروں کی ویڈیوز تلف کرنے کا اعلان کیا۔

ٹی سیریز اور سوئیڈن کے ایک یوٹیوبر فیلکس شیلبرگ (Felix Kjellberg) کے درمیان سبسکرائبرز کی تعداد پر گذشتہ اکتوبر سے ہی سخت مقابلہ چل رہا تھا۔

سوئیڈش یوٹیوبر شیلبرگ
سوئیڈش یوٹیوبر شیلبرگ

اس سے پہلے شیلبرگ کا چینل PewDiePie سب سے زیادہ مقبول تھا اور 2013 سے سرفہرست چلا آرہا تھا۔ تاہم دسمبر 2018 تک ٹی سیریز اور PewDiePie میں فرق صرف چند ہزار کا رہ گیا۔ شیلبرگ کے چینل کی برتری صرف 16 ہزار رہ گئی تھی۔

اگرچہ ٹی سیریز کا ٹیوب چینل ایک پوری کمپنی چلاتی تھی جب کہ شیلبرگ ایک خودمختار چینل چلاتے ہیں تاہم انہوں نے اگست میں ہی ٹی سیریز کے مقابلے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ ان کے حامیوں نے مہم چلائی۔

دوسری جانب بھارت میں تیزی سے پھیلتے ہوئے انٹرنیٹ کے سبب پہلے ہی ٹی سیریز کے سبسکرائبرز کی تعداد بڑھ رہی تھی۔ جب مقابلے کی صورت حال پیدا ہوئی تو بھارتیوں نے ٹی سیریز کو آگے بڑھانے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔نومبر میں ٹی سیریز کے صدر نیرج کلیان نے بھارتیوں سے مدد کی اپیل کی تھی جس کا خاصا اثر ہوا۔

فروری کا طبل جنگ

ٹی سیریز کو پہلی مرتبہ سب سے زیادہ سبسکرائبرز والا یوٹیوب بننے کا اعزاز 22 فروری کو صرف 8 منٹ کے لیے حاصل ہوا۔ اس وقت تک ٹی سیریز سے پاکستانی گلوکاروں کی ویڈیوز ہٹائی جا چکی تھیں۔ بھارتی ہندو قوم پرستی کی لہر جاری تھی۔ اور ٹی سیریز کے ساتھ شیلبرگ کو کڑے مقابلے کا سامنا تھا۔ اس کی برتری محض چند ہزار کی تھی جو کسی بھی وقت دوبارہ ختم ہوسکتی تھی۔

تاہم پہلے سے جاری ایک جنگ میں ہفتہ 9 مارچ کو پاکستانی اپنا طبل جنگ بجاتے ہوئے کود پڑے اور سوشل میڈیا پر اپیل کی گئی کہ لوگ ٹی سیریز کو ان سبسکرائب کریں اور شیلبرگ کے چینل کو سبسکرائب کریں۔

سوئیڈیش یوٹیوبر کے بین الاقوامی حامیوں کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں کی مہم کی بدولت PewDiePie ایک ہی دن میں ٹی سیریز سے بہت آگے چلا گیا۔ پاکستانیوں نے جب مہم شروع کی تو ٹی سیریز کے سبسکرائبرز کی تعداد 8 کروڑ85 لاکھ، 69ہزار 196 تھی۔ جب کہ PewDiePie  کے سبسکرائبرز 8کروڑ 85 لاکھ  71 ہزار 179 تھے۔

چند گھنٹوں میں ہی ٹی سیریز کے سبسکرائبرز کی تعداد میں کمی آئی جب کہ اس کے مخالف چینل کے سبسکرائبرز بڑھے۔ دوسری جانب بھارت نے بھی نئی مہم شروع کردی۔ تاہم پی ڈی پی کی برتری رات گئے تک برقرار تھی۔

رات گئے تک پی ڈی پائی کے سبسبکرائبرز 88,642,281 ہوچکے تھے جب کہ ٹی سیریز کے سبسکرائبرز کی تعداد 88,612,265 تھی۔ اس کڑے مقابلے کے نتائج بعض یوٹیوب چینلز براہ راست دکھا رہے ہیں۔

بندے ماترم اور دل دل پاکستان

اس سے پہلے 2003 میں بی بی سی نے دنیا کے بہترین گانوں پر عالمی رائے شماری کرائی تھی۔ پاکستانیوں نے یہاں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ حقیقت میں پہلے تین گانے وطن پرستی کا ثبوت نکلے۔ پہلے نمبر پر آئرلینڈ کا گیت اے نیشن ونس اگین آیا، دوسرے پر بھارت کا بندے ماترم اور تیسرے پر پاکستان کا دل دل پاکستان۔