نئی دلی : دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک بھارت میں 7 مرحلوں میں عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کردیا گیا ہے،جن میں 90 کروڑ لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا سنیل اروڑا نے پریس کانفرنس میں الیکشن کے انعقاد کا اعلان کیا۔جس کے مطابق الیکشن کاپہلا معرکہ 11 اپریل سے 19مئی تک جاری رہے گا۔دوسرا مرحلہ 18 اپریل، تیسرا مرحلہ 23 اپریل، چوتھا مرحلہ 29 اپریل، پانچواں مرحلہ 6 مئی ، چھٹا مرحلہ 12 مئی ، ساتواں اور آخری مرحلہ 19مئی کو منعقد ہوگا جس کے بعد تمام مراحل کے ووٹوں کی گنتی کا آغاز 23 مئی سے ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا کے مطابق اس الیکشن میں بھارت کے 90 کروڑ لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ، ان میں سے ڈیڑھ کروڑ لوگ وہ ہیں جن کی عمر 18 یا 19 سال ہے۔
2014 کے الیکشن کیلئے 9 لاکھ پولنگ سٹیشن بنائے گئے تھے تاہم حالیہ الیکشن میں پولنگ سٹیشنز کی تعداد 10 لاکھ ہوگی۔