پنجاب حکوت نے کہا ہے کہ قانون اجازت دیتا ہے تو ہمیں نوازشریف کے کراچی میں علاج پر کوئی اعتراض نہیں،نوازشریف جس اسپتال سے علاج کرانا چاہیں ہم تیار ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا کہ نوازشریف کے علاج کی سہولیات میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں۔
ان کا کہناتھا کہ بلاول بھٹو نے نوازشریف کو کراچی میں علاج کرانے کی پیشکش کی ہے جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے علاج پر نہ سیاست کی جارہی ہے اور نہ ہی کوتاہی برتی جارہی ہے، ان کے لندن جانے کا فیصلہ حکومت نے نہیں عدالت نے کرنا ہے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہر بار کہا جاتاہے کہ نوازشریف کو سہولتیں نہیں مل رہیں، رپورٹ کے مطابق ان کے گردوں میں پتھری ہے.
ان کا کہناتھا کہ علاج میں کوئی کوتاہی نہیں برتی گئی انہیں کہاکہ وہ کسی بھی ہسپتال میں علاج کراسکتے ہیں، نوازشریف کو پیشکش کی کہ اپنے ڈاکٹر کو بلوانا چاہتے ہیں تو بتائیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے واضح کیا کہ نواز شریف کے علاج پر کوئی سیاست نہیں کی جارہی ، ان کے باہر جانے کے حوالے سے ہمارے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے ان کے لندن جانے کا فیصلہ عدالت نے کرناہے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے نوازشریف کی خرابیٔ صحت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے سابق وزیراعظم کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔