پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
پشاور زلمی کی ٹیم 187رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر176رنز بنا پائی اور10رنز سے میچ ہار گئی۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سمی اور کیرن پولارڈ کی دھواں دار اننگز بھی انہیں شکست نہ بچا سکی۔
90 پر نصف ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد بظاہر گلیڈی ایٹرز کی کامیابی آسان دکھائی دے رہی تھی لیکن اس موقع پر کپتان سیمی اور پولارڈ نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 83 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے جیت کی امید پیدا کی۔
آخری اوور میں جب زلمی کو 21 رنز درکار تھے تو شین واٹسن اوور کرانے آئے،انہوں نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اوور کی تیسری بال پر خطرناک بیٹسمین پولارڈ کو بولڈ کیا اور صرف 10 رنز دے کر ٹیم کو فتح دلا دی۔
ڈیرن سیمی 46 اور پولارڈ 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے سوا کوئی بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔
کامران اکمل 22، امام الحق 23، صہیب مقصود 7، مصباح الحق 18 اور ڈاؤسن 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ وہاب ریاض صفر اور حسن علی 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احمد شہزاد نے کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں احمد شہزاد ایک رن بناکر ملز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
واٹسن اور احسن علی نے 111 رنز کی پارٹنر شپ قائم تاہم 114 کے مجموعی اسکور پر شین واٹسن 71 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بنے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے، شین واٹسن 71، احسن علی 46 اور عمر اکمل 22 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2، حسن علی، ملز، ثمین گل اور پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی میں سے جو بھی ٹیم آج شکست کا شکار ہوگی وہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گی۔