ملزم نے فرار ہونے سے پہلے انہیں اپنی گاڑی تلے روندا ۔فائل فوٹو
ملزم نے فرار ہونے سے پہلے انہیں اپنی گاڑی تلے روندا ۔فائل فوٹو

امریکہ میں 34سال بعد کسی ڈان کا قتل

امریکہ میں نیو یارک سے تعلق رکھنے والی مافیا فیملی کے سربراہ فرانسسکو کیلی (فرینکی بوائے) کو گھر کے باہر گولیاں مار کر قتل کردیا گیا ۔

امریکہ میں کسی مافیا فیملی کے سربراہ کا آخری قتل 1985 میں ہوا تھا جس کے 34 سال بعد فرینکی بوائے کو 6 گولیاں مار کر اس کی لاش کو گاڑی تلے روند دیا گیا۔

فرینکی بوائے مافیا خاندان گیمبینو کے سربراہ تھے جنہیں سٹیٹن آئی لینڈ کی ٹوٹ ہل ڈسٹرکٹ میں گولیاں مار کر قتل کردیا گیا ۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نیلی کار میں سوار ایک شخص نے فرینکی کو گھر کے باہر گلی میں 6 سے 7 گولیاں ماریں اور فرار ہونے سے پہلے انہیں اپنی گاڑی تلے روندا جس کے بعد وہ وہاں سے فرار ہوگیا۔

فرینکی بوائے کو جب ہسپتال لے جایا گیا تو ان میں زندگی کی رمق باقی تھی لیکن وہ خون زیادہ بہہ جانے کے باعث جانبر نہ ہوسکے۔

گیمبینو خاندان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ان پانچ تاریخی امریکی، اطالوی مافیا خاندانوں میں سے ایک ہے جو نیو یارک میں بستے ہیں۔سٹیٹن آئی لینڈ میں ٹوٹ ہل کا علاقہ جرائم کی آماجگاہ سمجھا جاتا ہے۔
جینویزئے، گیمبینو، لوکیسے، کولمبو اور بونانو مافیا خاندانوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ گذشتہ کئی دہائیوں سے نیو یارک میں منظم جرائم کو کنٹرول کر رہے ہیں۔