دنیا بھر میں نیوزی لینڈ کی مساجد پر ہونے والے حملے کو بدترین دہشت گردی کہا جارہا ہے لیکن امریکی صدرٹرمپ نےتاحال حملے کو دہشت گردی قرار نہیں دیا۔
کرائسٹ چرچ حملے کے دکھوں سے چور مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے بجائے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الٹا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ جعلی میڈیا ان کو نیوزی لینڈ حملے کا ذمہ دار ٹھہرانے کی پرزور کوشش کررہا ہے مگر انہیں یہ ثابت کرنے میں کافی دشواری ہوگی۔
دوسری جانب روسی صدر پیوٹن نے کریمیا میں ایک تقریب کے دوران نیوزی لینڈ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک میں ایسا حملہ نہیں ہونے دیں گے، نیوزی لینڈ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کا مقصد امن و امان خراب کرنا تھا۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ دنیا میں برے لوگ کم اور اچھے زیادہ ہیں جب کہ آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے فیس بک اور دوسرے پلیٹ فارم کو حملے کی بروقت لائیو اسٹریمنگ نہ روکنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے جی 20 تنظیم کے سربراہ اور جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے کو خط لکھا ہے جس میں انہو ں نے معاشی طور پر مضبوط ممالک کے رہنماؤں کو سوشل میڈیا کمپنیوں پر حفاظتی انتظامات بہتر کرنے کے لیے دباو ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن کے بعد دہشت گرد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو نفرت انگیز پیغامات پھیلانے کے لیے استعمال نہ کرسکیں۔