صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کو پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز عطا کردیا۔
ملائیشین وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کو پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز نشان پاکستان دینے کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جہاں صدر مملکت عارف علوی نے انہیں یہ اعزاز عطا کیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان ، وفاقی وزرا ، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، ارکان اسمبلی ،ملائیشین مہمان اور غیرملکی سفیر بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز سب سے پہلے 1959 میں ایران کے بادشاہ رضا شاہ پہلوی کو دیا گیا تھا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ، ترک صدر رجب طیب اردگان اور چینی صدر شی جن پنگ سمیت اب تک یہ اعزاز 23 غیر ملکی شخصیات کو دیا جاچکا ہے ، ڈاکٹر مہاتیر محمد یہ اعزاز پانے والی 24 ویں شخصیت ہیں۔